Live Updates

ٹیکس نظام کو سہولت کاری اور اعتماد کی بنیاد پر تشکیل دیا جائے،صدر ملتان ٹیکس بار

اتوار 1 جون 2025 19:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ 2025 کے تناظر میں اپنی تجاویز اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو قومی ترقی کا شراکت دار بنائے ،اس سے کاروباری افراد کو تحفظ کا احساس ہو گا۔ٹیکس نظام کو سہولت کاری اور اعتماد کی بنیاد پر تشکیل دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک خادم حسین میتلا نے ملتان میں تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 111(4) میں مالی حد پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر بار کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کو 29 فیصد سے کم کرنے اور موجودہ انکم ٹیکس کی حد 6 لاکھ روپے کو 10 لاکھ روپے تک بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف مل سکے۔ ملک خادم حسین نے آن لائن ٹیکس ریٹرنز اور نظام میں اصلاحات کی تجویز بھی دی،انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیکس واجبات کی غلط تشخیص کم ہو سکے گی۔ انہوں نے صنعتی قرضوں پر زیرو مارک اپ سکیم کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کم از کم ٹیکس کی شرح کو 0.5 فیصد تک کم کرنے اور وِد ہولڈنگ ٹیکس نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملکی معیشت کو بہتر کیا جا سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات