Live Updates

حکومت انکم ٹیکس کی کم از کم حد 10لاکھ روپے مقررکرے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

مختلف ٹیکسز ،مہنگے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے بعد تاجر مزید بوجھ اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے،ریلیف دیا جائے

جمعرات 5 جون 2025 17:20

حکومت انکم ٹیکس کی کم از کم حد 10لاکھ روپے مقررکرے ‘ آل پاکستان انجمن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انکم ٹیکس کی کم از کم حد 10لاکھ روپے مقررکرے ،مختلف ٹیکسز اور مہنگے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے بعد تاجر مزید ٹیکسز کا بوجھ اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے بلکہ حکومت تاجروں کو ریلیف دینے کا اعلان کرے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر رہنما شہزاد اشرف بھٹی ،نعیم بادشاہ،حافظ عطا اللہ ،ملک ناظم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر انتہائی مشکلات کا شکار ہیں اور بجٹ میں مزید کسی طرح کا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے ۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے لاکھوں تاجر حکومت سے ریلیف کی امید لگائے ہوئے ہیں اور یقینی طور پر انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا ۔ حکومت انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں ردوبدل پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انار کلی بازار لاہور کا قدیم ترین کاروباری مرکز اورلاہور کا دل ہے اس کے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے، پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پارکنگ پلازے کی تعمیر کے وعدے کو پورا کیاجائے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات