Live Updates

پیاف کا وزارت تجارت کی2029تک 60ارب ڈالر برآمدی ہدف سے معذوری پر تشویش کا اظہار

بدھ 4 جون 2025 20:14

پیاف کا وزارت تجارت کی2029تک 60ارب ڈالر برآمدی ہدف سے معذوری پر تشویش ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) پیاف کے پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اوروائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے وزارت تجارت کی جانب سے 2029ء تک 60ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے سے معذوری کے اظہار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیرا عظم کو اس کا فی الفور نوٹس لے کر درپیش چیلنجز کے حل کیلئے فوری اقدامات کے لئے احکامات جاری کرنے چاہئیں۔

اپنے بیان میں پیاف کے عہدیداروںنے کہا کہ وزارت تجارت کی جانب سے بیرونی عوامل میں امریکی ٹیرف ، روس،یوکرین جنگ کے طویل نتائجاور عالمی منڈیوں کی سست روی جیسے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ اندرونی سطح پر توانائی کی بلند قیمتیں ،بنیادی ڈھانچے کی کمزوریاں اور دیگر عوامل بھی اس ہدف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک اسی طرح کی بیرونی مشکلات کے باوجود اپنی برآمدات میں اضافہ کر رہے ہیں تاہم ان کے مینو فیکچررز اور بر آمدکنندگان کو اندرونی سطح پر حکومتوں کی سرپرستی اور سپورٹ حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

پیاف کے عہدیداروں نے کہا کہ وزارت تجارت نئی ڈومیسٹک کامرس پالیسی کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے تاکہ کسی بھی طرح کے سقم پیشگی دور ہو سکیں اور ایک موثر پالیسی مرتب کی جا سکے ۔صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی وِیلنگ ریٹس کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ توانائی کی لاگت میں کمی کی جا سکے۔برآمدات کے تناظر میں آنے والے درآمدی خام مال کی کلیئرنس کو تیز تر بنایا جائے ،موجودہ برآمدی سہولت اسکیموں کو موثر بنانے اور بہتر ہدف بندی کے لیے دوبارہ ڈیزائن کیا جائے ،اسی طرح ٹیرف میں نرمی اور ریفنڈ کلیمز کی فوری ادائیگی جیسے اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات