میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہونے کے ناطے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، پالیسی سازوں تک پہنچانے اور ان کے حل میں مثبت کردار ادا کرتا ہے، ڈپٹی کمشنر

اتوار 1 جون 2025 21:10

? فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہونے کے ناطے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، پالیسی سازوں تک پہنچانے اور ان کے حل میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فیصل آباد میڈیا کے ساتھ مربوط روابط کو فروغ دے کر عوامی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر،شفاف اور نتیجہ خیز بنانا چاہتی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد پریس کلب کے موقع پر صحافی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر،عہدیداران اور سینئر صحافی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا نہ صرف پل کا کردار ادا کرتا ہے بلکہ حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر اور فیلڈ سطح پر کارکردگی کی عکاسی کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر تیار کردہ فیصل آباد ڈویلپمنٹ پیکج کے خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود، مسائل کا بروقت حل اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا اولین مقصد ہے جس کے حصول کے لئے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے پریس کلب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے فیصل آباد کو ایک جدید، صاف، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنایا جائے گا۔

صدر پریس کلب شاہد علی،جنرل سیکرٹری عزادارعابدی ودیگر عہدیداران سمیت سینئر صحافی مقبول احمد لودھی،غلام عباس تنویر نے دورہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادااور انہیں صحافی برداری کی فلاح وبہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی کاوشوں کو سراہا اور صحافی برادری کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔