ملٹی گریڈ طریقہ تدریس سے جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے ،سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن

اتوار 1 جون 2025 21:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ ملٹی گریڈ طریقہ تدریس کے ذریعے جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں منعقدہ ٹیچنگ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمینار کا انعقاد یو کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ پالیسی سائنس کے اشتراک سے کیا گیا تھا ،سیمینار میں سابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار شاہین، عمر مختار اور محمد بلال سمیت مختلف سکولوں کے اساتذہ اور اے ای اوز کی کثیر تعداد شریک تھی۔

ڈاکٹرعبیداللہ کھوکھرنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے زیادہ تر سکولوں میں سہولیات کم ہیں وہاں ملٹی گریڈ طریقہ تدریس کے ذریعے سکولوں میں داخل ہونے سے رہ جانے والے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے تعلیمی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طریقہ تدریس کے تحت مختلف عمروں اور تعلیمی قابلیتوں کے بچے ایک ساتھ سیکھتے ہیں۔ سیمینار سے خطاب میں عبدالجبار شاہین اور دیگر مقررین نے ملٹی گریڈ ٹیچنگ کو جنوبی پنجاب کے لیے مفید اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملٹی گریڈ ٹیچنگ کے ماڈیولز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے اساتذہ کے تدریسی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :