گوشت ایک نعمت ہے، ضرور کھائیں مگر احتیاط کے ساتھ،اعتدال ضروری ہے، ڈاکٹر علی حسن

امراض قلب، ذیابیطس، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ، جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد گوشت خوری میں بہت احتیاط کریں گھروں میں طویل عرصہ تک گوشت ڈیپ فریزر کی نظر کرنے کی بجائے حقداروں تک پہنچایا جائے،صحافیوں سے گفتگو

پیر 2 جون 2025 13:06

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سانگلہ ہل کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر علی حسن وڑائچ نے کہا ہے کہ گوشت ایک نعمت ہے، ضرور کھائیں مگر احتیاط کے ساتھ، عید الاضحی کے موقعہ پر گوشت خوری میں اعتدل اور احتیاط ضروری ہے تاکہ بیمار ہو کر ہسپتالو ں کا رخ نہ کرنا پڑے، گوشت زیادہ مقدار میں کھانے سے معدہ میں تیزابیت، آنتڑیوں کی بیماریاں، پیچس وغیرہ لاحق ہونا معمول کی بات ہے،ا مراض قلب، ذیابیطس، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ، جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں کیونکہ سرخ گوشت (ریڈ میٹ)کا استعمال نہ صرف کولیسٹرول بڑھانے اور بلند فشار خون کا باعث بنتا ہے، دل کے امراض اور شوگر میں اضافے کا سبب ہے، گوشت کو مکمل طور پر اچھی طرح پکانے کے بعد استعمال کیا جائے تاکہ زود ہضم ہو، تیز مرچ مصالحوں سے اجتناب صحت کیلئے مفید ثابت ہو گا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں ایک ہی وقت میں گوشت ذیادہ استعمال کرنے کی بجائے سبزیوں و دیگر اشیا کے ساتھ ملا کر پکانا چاہئے، سبزیوں میں گوشت ڈال کر پکانے سے اس کی افادیت میں اضافہ جبکہ نقصان میں کمی واقع ہو جاتی ہے، قربانی کا گوشت فوری طور پر پکانے کی بجائے چند گھنٹوں کیلئے کھلی ہوا میں رکھ دینا چاہئے، تاکہ وہ تھوڑا خشک ہو جائے، انہو ں نے کہا کہ قربانی کا ایک مقصد غریب اور مستحق لوگ جو سارا سال گوشت خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے اس کو قربانی کا گوشت پہنچانا فرض ہے لہذا گھروں میں طویل عرصہ تک گوشت ڈیپ فریزر کی نظر کرنے کی بجائے حقداروں تک پہنچایا جائے تاکہ وہ بھی خوشی میں شریک ہو کر اپنی پروٹین کی ضروریات کو پورا کر سکیں،انہوں نے خبردار کیا کہ طویل عرصہ تک گوشت فریزکرنے سے جراثیم پیدا ہو جاتے ہیں جو صحت کیلئے مفید نہیں ہوتے، ایسے گوشت سے لطف اندوز ہونے کی بجائے بد ہضمی، گیسٹرو، معدے کی جلن اور پیچس وغیرہ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جبکہ گوشت کے بنے کھانے استعمال کرتے وقت کولڈ ڈرنکس سے بھی پرہیز کرنا چاہئے جو نہ صرف بد ہضمی کا باعث بنتے ہیں بلکہ اس کے استعمال سے معدے کی تیزابیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے،ڈاکٹر نغمانہ بتول نے کہا کہ سرخ گوشت حاملہ خواتین اور ایسے افراد کیلئے انتہائی بہترین ہے جو خون کی کمی کا شکار ہوں، بڑے گوشت میں کافی مقدار میں موجود آئرن سرخ خلیات کی پیداوار کیلئے بہت ضروری ہے، بڑا گوشت جسم کو وٹامن B12مہیا کرتا ہے مگر احتیاط کا دامن تھامے رکھیں۔

متعلقہ عنوان :