راس الخیمہ میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے پر 7 غیرملکی گرفتار

ملزمان نے مبینہ طور پر ایسے ویڈیو کلپس اور تحریری پوسٹس شیئر کیں جن میں غلط معلومات، جھوٹے دعوے اور سماجی مسائل پر مبالغہ آمیز تبصرے شامل تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 13:54

راس الخیمہ میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے پر 7 غیرملکی گرفتار
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے پر 7 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق راس الخیمہ پولیس نے سوشل میڈیا پر جھوٹا اور گمراہ کن مواد شائع کرنے پر مختلف قومیتوں کے 7 افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا ہے جو عوام کو پریشانی میں مبتلا کرنے کا باعث بنے جس نے سماجی استحکام کو خطرے میں ڈالا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کو سال 2025ء کے آغاز سے ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے بعد گرفتار کیا گیا، ملزمان نے مبینہ طور پر ایسے ویڈیو کلپس اور تحریری پوسٹس شیئر کیں جن میں غلط معلومات، جھوٹے دعوے اور سماجی مسائل پر مبالغہ آمیز تبصرے شامل تھے، متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پھیلائے گئے مواد کو عوامی اعتماد کو مجروح کرنے اور سماجی ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کا سبب سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

الیکٹرانک تحقیقات کے جنرل ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹس میں حساس مقامی معاملات سے متعلق غلط معلومات اور غیر تصدیق شدہ دعوے شامل تھے، ایسا مواد ناصرف قانونی معیارات کی خلاف ورزی کرتا ہے بلکہ اس سے عوامی تحفظ اور نظم و نسق کو بھی خطرات لاحق ہیں، وائرل مواد کے پیچھے ذرائع کی شناخت میں الیکٹرانک نگرانی اور کمیونٹی رپورٹس نے کلیدی کردار ادا کیا، خصوصی ٹیموں نے قانونی کارروائی شروع کرنے سے پہلے اکاؤنٹس کی مکمل نگرانی کی، ان افراد کی مصروفیات کا سراغ لگایا اور شواہد اکٹھے کیے۔

یاد رہے کہ افواہیں اور جعلی خبریں پھیلانا متحدہ عرب امارات میں ایک سنگین جرم ہے، جس کی سزا ایک لاکھ سے دو لاکھ درہم تک جرمانہ اور ایک سے دو سال کی قید ہے، اسی لیے پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں اور جعلی معلومات پھیلانے سے گریز کریں، رہائشی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں گردش کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کریں اور ہر ایک کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔