Live Updates

پاکستانی فضائی حدود بند ، ائیرانڈیا کو روزانہ 20 کروڑ کا دھچکا

منگل 3 جون 2025 20:46

پاکستانی فضائی حدود بند ، ائیرانڈیا کو روزانہ 20 کروڑ کا دھچکا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء) ائیر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیمبل ولسن نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ان کی ایئرلائن کے اخراجات اور پروازوں کے دورانیے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔کیمبل ولسن کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی ٹیم نے پروازوں کو بغیر کسی تعطل کے جاری رکھا، تاہم پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث مغربی ممالک کی جانب جانے والی پروازوں کا دورانیہ ایک گھنٹہ بڑھ گیا ہے، جس سے منافع پر منفی اثر پڑا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کر دی تھی، جس سے نہ صرف ائیر انڈیا بلکہ دیگر بھارتی ایئرلائنز بھی متاثر ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ائیر انڈیا کو اس بندش کے باعث روزانہ 20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے، اور اس نقصان کی تلافی کے لیے بھارتی حکومت کو باضابطہ خط بھی لکھا جا چکا ہے۔اس تناظر میں یہ بھی یاد رہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے تھے، جن میں 5 پاکستانی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ جواب میں پاکستان نے بھارتی رافیل طیاروں سمیت 6 جنگی طیارے مار گرائے اور ایس 400 اینٹی ایئر سسٹم کو بھی نشانہ بنایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات