حج سیزن میں وزٹ ویزا پر افراد کو مکہ میں ٹھہرانے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہے ، سعودی وزارت داخلہ

منگل 3 جون 2025 12:13

حج سیزن میں وزٹ ویزا  پر  افراد کو مکہ میں ٹھہرانے پر  ایک  لاکھ ریال ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی شخص کسی بھی قسم کے وزٹ ویزا پر آنے والے افراد کو اس مقصد سے رہائش فراہم کرے گا یا ان کو مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں ٹھہرانے، ان پر پردہ ڈالنے یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے کی کوشش کرے گا، تا کہ وہ یکم ذو القعدہ سے لے کر 14 ذوالحجہ تک مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں مقیم رہیں تو اس پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

العربیہ کے مطابق یہ جرمانہ ہر ایسے فرد پر الگ، الگ طور پر لاگو ہو گا جنھیں ٹھہرایا گیا، ان پر پردہ ڈالا گیا یا ان کی مدد کی گئی ہو۔ وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط و ہدایات کی مکمل پابندی کریں جن کا مقصد حجاج کی سلامتی اور مناسک حج کی ادائیگی کو آسان اور پُرسکون بنانا ہے ، نیز ایسے افراد کی اطلاع فوری طور پر دی جائے جو ان ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہوں۔ اطلاع دینے کے لیے مکہ مکرمہ، ریاض اور الشرقیہ صوبوں میں 911 اور بقیہ صوبوں میں 999 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔