Live Updates

امارات میں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کیلئے اہم ہدایات جاری

مختلف خلاف ورزیوں پر 10 لاکھ درہم تک جرمانے سے خبردار کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 جون 2025 14:46

امارات میں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کیلئے اہم ہدایات جاری
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2025ء ) متحدہ عرب امارات میں مقیم یا وزٹ ویزہ پر جانے والے پاکستانی ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور دیگر سوشل میڈیا صارفین کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستان سفارت خانہ ابوظہبی کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ایک اہم پیغام جاری کیا گیا، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مطلع کیا گیا ہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے انتہائی اہم نئی قانونی پیش رفت عمل میں لائی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے "میڈیا ریگولیشن" پر وفاقی فرمان نمبر 55 کے تحت 2023 کے قانون پر مبنی فیصلہ نمبر 42 برائے 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق 29 مئی 2025ء سے ہوچکا ہے، یہ قانون میڈیا سے متعلق تمام خلاف ورزیوں اور سزاؤں کی ایک جامع فہرست فراہم کرتا ہے جو ان تمام افراد، اداروں، میڈیا آؤٹ لیٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر لاگو ہوتی ہے جو امارات میں کام کر رہے ہیں، اس قانون میں تمام اہم خلاف ورزیوں کو ایک فہرست کی شکل میں واضح کیا گیا ہے جنہیں 20 قسم کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر گروپ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ نئے قانون کے تحت مذہبی عقائد یا الٰہی ہستی کی توہین پر ایک لاکھ تا دس لاکھ درہم جرمانہ ہوگا، اماراتی قیادت، قومی علامات یا اداروں کی توہین کرنے والے کو پچاس ہزار تا پانچ لاکھ درہم جرمانہ کیا جائے گا، غیر ملکی تعلقات کے لیے نقصان دہ مواد کی اشاعت پر تیس ہزار تا دو لاکھ پچاس ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، فرقہ واریت، تشدد یا دہشتگردی کی حوصلہ افزائی پر ایک لاکھ تا پانچ لاکھ درہم جرمانہ ہوگا، غیر اخلاقی، جھوٹی یا گمراہ کن معلومات کی اشاعت کرنے والوں کو پچاس ہزار تا ایک لاکھ درہم جرمانہ کیا جائے گا، رازداری یا بچوں کے حقوق کی پامالی کی صورت میں پانچ ہزار تا ایک لاکھ درہم جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، قومی شناخت کو نظر انداز کرنے یا غلط انداز میں پیش کرنے پر پانچ ہزار تا ایک لاکھ درہم جرمانہ ہوگا۔

پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے تمام پاکستانی شہریوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال انتہائی ذمہ داری سے کریں اور متحدہ عرب امارات کے ان قوانین کی سختی سے پیروی کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے محفوظ رہا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات