عید الاضحی پر صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں‘ چیف سیکرٹری کا حکم

ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی سیل پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایات جاری

پیر 2 جون 2025 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی، آلائشوں کی بروقت تلفی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عید کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری طور پر اٹھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے صفائی کے انتظامات کو مؤثر، منظم اور بروقت بنانے کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ گزشتہ برس صفائی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات قابل تحسین تھے، تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ان انتظامات کو مزید بہتر اور مثالی بنانے کی ضرورت ہے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کی صورت میں رسپانس ٹائم کم سے کم ہونا چاہیے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام اضلاع میں باقاعدہ مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، انتظامیہ عید سے قبل غیر قانونی سیل پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں یا دیگر غیر متعین مقامات پر جانوروں کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :