حیسکو کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، لاکھوں روپے کی ریکوری

پیر 2 جون 2025 20:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی حیسکو انتظامیہ نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر بلا امتیاز کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حیسکو کے مختلف سب ڈویژنز میں ہونے والی کارروائیوں میں سینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے گئےہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایکسین گاڑی کھاتہ ظفر علی سولنگی اور ایس ڈی او عثمان یعقوب کی قیادت میں گاڑی کھاتہ سب ڈویژن اور صدر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں میں 40 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ 41 میٹر بجلی کی غیر قانونی تاریں کاٹ کر تحویل میں لے لی گئیں۔

اسی طرح، ایکسین پھلیلی صلاح الدین اور ایس ڈی او پھلیلی اسد ابڑو کی زیر نگرانی پھلیلی سب ڈویژن میں 29 غیر قانونی کنکشن کاٹے گئے اور 54 میٹر بجلی کی غیر قانونی تاریں ضبط کی گئیں۔

(جاری ہے)

ہالی روڈ سب ڈویژن میں ایکسین لطیف آباد-I سید مختیار حسین شاہ اور ایس ڈی او امین حمزہ کی نگرانی میں 56 کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ 65 میٹر بجلی کی غیر قانونی تاریں قبضے میں لی گئیں۔

ریجن بھر میں اب تک کی کارروائیوں کے دوران 94,292 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 75,567 مقدمات کے لیے لیٹرز جمع کرائے گئے، 8,351 ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں جبکہ 300 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیسکو کے 3 ملازمین بجلی چوری میں سہولت کاری پر گرفتار جبکہ 49 ملازمین معطل اور 1 ملازم برطرف کیا جا چکا ہے۔ ترجمان حیسکو کے مطابق اب تک 16 ارب 55 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے۔

نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بلاتفریق جاری ہیں اور بلوں کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی چوری کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور واجبات بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کی بہتر فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ بصورت دیگر بجلی کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :