افسران 30 جون تک ماہانہ اور سالانہ مقرر کردہ اہداف حاصل کریں،امجد نوازبھٹی

پیر 2 جون 2025 20:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوملتان امجد نواز بھٹی نے کہا ہے کہ کارکردگی کا براہِ راست تعلق فیلڈ میں کام کرنے والے افسران و عملے سے ہے۔ لائن لاسز میں کمی اور ریکوری اہداف کی بروقت تکمیل نہ صرف ادارے کے مالی استحکام کے لئے ضروری ہے بلکہ صارفین کو بہتر سروسز فراہم کرنے کے لئے بھی اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل افسران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ افسران 30جون 2025تک ماہانہ اور سالانہ تمام مقررکردہ اہداف حاصل کریں۔ اجلاس میں لائن لاسز میں کمی، صارفین سے واجبات کی ریکوری، مستقل نادہندگان اور زرعی ٹیوب ویل صارفین سے وصولیوں کی صورتحال اور اعلیٰ حکام کی جانب سے دئیے گئے اہداف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقل نادہندگان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور اس کے تحت فیڈرز کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ نادہندہ صارفین سے واجبات کی وصولی کے لئے ہر ممکن قانونی و انتظامی اقدامات کریں بالخصوص ٹیوب ویل صارفین کی ریکوری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ایس ای نے واضح کیا کہ کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام افسران ٹیم ورک کے تحت کام کریں، صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل میپکو ملتان سرکل محمد عارف وینس، ڈپٹی کمرشل منیجر سرورانصاری، ایڈیشنل ایکسین کسٹمرسروسز ،سیفٹی تاج محمود قمر،ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن غلام محی الدین میتلا، ایکسین سٹی ڈویژن معصب علی سلیمی، ایکسین ممتازآبادڈویژن فیاض حسین کھوکھر، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن محمد علی یاسر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :