رواں ماہ جون کے دوران باغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال یقینی بنائیں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت

منگل 3 جون 2025 17:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) رواں ماہ جون کے دوران بعض باغات کے علاقوں میں گرم ہوائیں، لو چلنے اور بارشوں کی کمی سے پھلدار پودوں کو نقصان پہنچ سکتاہے لہٰذا باغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال یقینی بنائیں اور بوقت ضرورت شام کو آبپاشی بھی کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عامر صدیق نے بتایاکہ پنجاب کے میدانی اور جنوبی علاقے بتدریج گرمی کی لپیٹ میں ۱ٓرہے ہیں جہاں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہورہا ہے جو پھلوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے کیونکہ پھلدار پودے زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس سے زائد گرمی پر پھل جھلس جاتاہے، اس کے چھلکے پھٹ جاتے ہیں اور اس کی کوالٹی بری طرح متاثر ہو تی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ باغبان نرسری سے نئے پودے لاتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پیوند کی اونچائی 12 سے 15 انچ سے زائد نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ نئے لگائے گئے آم، کھجور، لیچی کے پودے گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اس لئے ان پودوں پر سائے کا مناسب بندوبست بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن وقفہ سے پانی لگائیں اور جون کے مہینہ میں پھل دار پودوں کے تنوں کو نیلے تھوتھے و چونے کے محلول سے سفید ی کرکے تنے کوگرمی کے مضر اثرات سے محفوظ بھی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :