چھ بچیوں کیلئے روٹی لینے آنیوالاباپ اسرائیلی فائرنگ سے قتل

امداد لینے آنیوالے دیگرنہتے شہریوں پر بھی اسرائیل کی طرف سے ڈرون حملہ کیا گیا

منگل 3 جون 2025 14:20

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) جنوبی غزہ کے ناصر اسپتال میں ماتم کا سماں تھا جب درجنوں افراد ایک باپ، حسام وافی، کی لاش پر بین کرتے نظر آئے، جو اپنے بچوں کے لیے خوراک لینے گیا تھا لیکن اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق چھ بچیوں کے باپ حسام وافی کو اس وقت شہید کیا گیا جب وہ اپنے بھائی اور بھتیجے کے ہمراہ جنوبی شہر رفح میں ایک امدادی مرکز سے آٹا لینے گیا۔

(جاری ہے)

فلسطینی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، اس واقعے میں 31 افراد جاں بحق ہوئے۔حسام کی والدہ نہلہ وافی نے روتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی بیٹیوں کے لیے روٹی لینے گیا تھا، لاش بن کر واپس آیا۔ناصر اسپتال کے صحن میں حسام کی بیوہ اور ننھی بیٹیوں کو دلاسہ دینے کی کوشش کی جا رہی تھی، جن کا مستقبل اب یتمی اور بھوک کے سائے میں ہے۔فلسطینی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ امداد لینے والے نہتے شہریوں پر اسرائیل کی طرف سے ڈرون حملہ کیا گیا، جو انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔