وزیراعلی سمرگیمز سے بہترین کھلاڑیوں کا پول بڑھ رہا ہے، نیشنل گیمز میں پنجاب مضبوط ٹیموں کے ساتھ جائے گا، خضرافضال چوہدری

منگل 3 جون 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے جاری ہیں۔ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں کبڈی،ہاکی، والی بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہو رہے ہیں،پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں میں قصور نے لاہور کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 35-30 سے شکست دے دی،ننکانہ صاحب نے شیخوپورہ کو 25-15 پوائنٹس سے ہرایا،پارلیمانی سیکرٹری سپورٹس انس محمود کبڈی میچز کے مہمان خصوصی تھے،انہوں نے کبڈی کے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر عباس شاہ و دیگر بھی موجودتھے،وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈسٹرکٹ مقابلے پنجاب کے تمام اضلاع میں 5 جون تک جاری رہیں گے،جمنازیم ہال نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں انٹر ڈسٹرکٹ والی بال بوائز کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، شیخوپورہ نے لاہور کو2-0 سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

شیخوپورہ نے لاہور کو 25-14،25-21 پوائنٹس سے ہرایا،ڈسٹرکٹ لاہور نے ننکانہ صاحب کو 2-0 سے ہرا دیا،لاہور نے ننکانہ صاحب کو 25-22،25-24 پوائنٹس سے شکست دی،ننکانہ صاحب نے شیخوپورہ کو2-0 سے شکست دی،ننکانہ صاحب نے شیخوپورہ کو25-11،25-07 سے ہرایا۔وزیراعلی پنجاب سمرگیمز کے انٹرڈسٹرکٹ گرلزہاکی کے مقابلے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوئے،جس میں لاہور نے ننکانہ صاحب کو11-0سے ہرا دیا،لاہور کی جانب سے شارقہ نے 5، لائبہ یاسمین نے 2،شیزہ،عروہ، آمنہ، عائزہ نے ایک ایک گول کیا۔

ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹرمحمد کلیم گرلز ہاکی میچ کے مہمان خصوصی تھے،اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین ویگر بھی موجود تھے،بوائز ہاکی میں لاہور نے ننکانہ صاحب کو 13-2سے ہرا دیا،لاہور کی جانب سے آکاش نے 5گول کئے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے اپنے بیا ن میں کہا کہ وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے مقابلے صوبے کے تمام اضلاع میں جاری ہیں،سمر گیمز سے نئے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں، سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،ان گیمز سے پنجاب میں بہترین کھلاڑیوں کا پول بڑھ رہا ہے اور نیشنل گیمز میں پنجاب مضبوط ٹیموں کے ساتھ جائے گا۔