اقوام متحدہ کا فلسطینیوں کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ

واقعے کی صحت کے بارے میں معلومات جمع کررہے ہیں،امریکہ کا جواب

بدھ 4 جون 2025 13:13

اقوام متحدہ کا فلسطینیوں کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)جنوبی غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 30 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، جن میں سے 27 ہلاکتوں کی تصدیق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور مقامی دفاعی اداروں نے کی ہے۔ اس واقعے نے عالمی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئیاس کی آزاد اور فوری تحقیقات کا مطالبہ دہرایا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ شہری صرف خوراک حاصل کرنے کی کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری جنرل اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب پر زور دے رہے ہیں۔ادھر وائٹ ہاس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اس واقعے سے آگاہ ہے اور دستیاب معلومات کی صداقت کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حماس کی فراہم کردہ معلومات پر ہمیں مکمل بھروسہ نہیں۔