مظفرگڑھ ،ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کےلئے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہے،ڈپٹی کمشنر

بدھ 4 جون 2025 20:42

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی نے جہاں انسان کی زندگی کو سہل کردیا ہے وہاں صنعتوں ، گاڑیوں اور بھٹوں سے خارج ہونے والی آلودگی نے ہماری فضا کو بھی آلودہ کردیا ہے، جس سے خطوں کی آب و ہوا تبدیل ہوگئی ہے۔ زلزلوں، سونامی ، طوفان، ژالہ باری اور بے موسمی بارشوں نے انسانی زندگی کو مشکل سے دوچار کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلئے ایک منظم لائحہ عمل مرتب کرنے کےلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عرفان ہنجرا ، ڈی او ماحولیات عبدالروف ، سی ای او تعلیم ماہ جبین، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالرحمٰن سمیت سول سوسائٹی سے ام کلثوم سیال ، انجمن تاجران سے سید امیر حسن اور متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ وقت عملی اقدامات کا ہے ، ماحول کو انسان دوست بنانے کےلئے ہم سب کو مل کر عملی اقدامات کرنا ہونگے، شجر کاری کو عام کرنا ہوگا، ہر فرد اس بات کا عہد کرے کہ ہم نے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنی ہے۔ پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ترک کرنا ہے، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو بند کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر کام کریں گے اور اپنے وسائل سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلئے سول سوسائٹی کی مدد سے کام کریں گے ۔

اس کےلئے پارلیمنٹیرینز کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اور عوام میں شعور و آگاہی بیدار کرنا ہوگی جس سے کم وقت میں زیادہ تبدیلی ممکن ہے۔ اجلاس میں 5 جون کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریبات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔\378