کراچی کے عوام کو لیاری ایکسپریس وے کو دوبارہ خوبصورت بنا کر تحفہ دیں گے، عبدالعلیم خان

ہفتہ 14 جون 2025 22:14

کراچی کے عوام کو لیاری ایکسپریس وے کو دوبارہ خوبصورت بنا کر تحفہ دیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو لیاری ایکسپریس وے کو دوبارہ خوبصورت بنا کر تحفہ دیں گے، منصوبہ اگلے 2سال میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیراعلی سندھ کی موٹرویز کے بارے میں پریس کانفرنس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے سکھر حیدرآباد اور کراچی موٹرویز نہ بنانے پر کچھ نہیں کہنا چاہتا، وزارت مواصلات کے حوالے سے میری ذمہ داری گزشتہ ایک سال کی ہے، تمام سیاسی پارٹیاں وفاق میں رہیں جن میں پیپلزپارٹی کے 5سال بھی شامل تھے، ان تمام سیاسی پارٹیوں نے حکومت میں رہتے ہوئے کئی سال ضائع کردئیے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کا اہم حصہ کراچی سے سکھر تک کی موٹروے کے ساتھ منسلک ہے، اگر کراچی موٹروے نہیں بنے گی تو موٹروے سے افادیت حاصل نہیں ہوسکتی، کراچی پورٹ کا موٹروے کے ساتھ منسلک ہونا امپورٹ ایکسپورٹ اور بزنس کیلئے ضروری ہے، قوم سے وعدہ کیا ہے کراچی کی موٹرویز کو فوری طور پرشروع کیاجائے گا، سکھر سے حیدرآباد نہیں بلکہ حیدرآباد سے کراچی موٹروے بھی بنائیں گے، ناردرن بائی پاس کو بھی8لین کی موٹروے میں تبدیل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نادردرن بائی پاس کو حیدرآباد سکھر موٹروے سے لنک کریں گے، یہ منصوبہ فوری شروع ہوگا، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے تعاون کا یقین دلایا ہے، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کا بورڈ ستمبر میں حتمی فیصلے کے بعد قرض منظورکرے گا، سکھر حیدرآباد موٹروے 5زونزمیں تقسیم،3زونزاسلامک ڈویلپمنٹ بینک لے گا، 3زون اسلامک ڈویلپمنٹ بینک فنانس، 2زونز کسی اور بینک یا ڈونرایجنسی کودیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹرویز کا منصوبہ اگلے 2سال میں مکمل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلی سندھ کا شکریہ، انکے 25 ارب کی ضرورت پڑی تو ضرور زحمت دیں گے، وفاق اس منصوبے کو اپنے وسائل سے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرے گا، کوشش ہوگی 2بلین ڈالر سے زائد کے اس منصوبے کو وفاق اپنے وسائل سے بنائے، لیاری ایکسپریس وے پر این ایچ اے کا کام جاری ہے ،انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے تحت جلد مکمل کریں گے، کراچی کے عوام کو لیاری ایکسپریس وے کو دوبارہ خوبصورت بنا کر تحفہ دیں گے۔