یوم عرفہ ہمیں مساوات سکھاتا ہے، تعلیمی نظام میں بھی اس کا عکس لائیں گے‘وزیر تعلیم

تعلیم کے شعبہ کو بھی عرفات کے میدان کی طرح مساوی بنانا ہوگا‘ رانا سکندر حیات

جمعرات 5 جون 2025 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اہل اسلام کو حج کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عرفہ ہمیں اتحاد، مساوات اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ میدانِ عرفات میں لاکھوں فرزندانِ اسلام ایک لباس میں، ایک صف میں اور ایک مقصد کے تحت جمع ہو کر یہ پیغام دیتے ہیں کہ انسانیت میں کسی قسم کی تفریق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی پیغام ہمیں اپنے وطن، بالخصوص تعلیمی شعبے میں اپناتے ہوئے یہ عہد کرنا ہوگا کہ تعلیمی نظام سے ہر طرح کی تفریق اور عدم مساوات کا خاتمہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر بچہ، بلا امتیاز اور بلا تفریق، یکساں تعلیمی مواقع حاصل کرے، ترقی کرے، اور کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔ وزیر تعلیم نے تمام مکاتب فکر اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے مشن کو قومی عبادت سمجھ کر اپنائیں، تاکہ ایک مساوی، باشعور، متحد اور پرامن معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر تعلیم نے عید الاضحی کی بھی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ عید الاضحی کا دن یہ باور کرواتا ہے کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ کم وسیلہ افراد کے احساس کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل جذبہ زندہ رکھنے کیلئے آج کے دن بھی اور آج کی علاہ بھی اپنے ارد گرد موجود مستحق اور کم وسیلہ لوگوں کا خیال رکھیں اور ہر بچے کو سکول بھیجنے، ہر ہاتھ میں قلم تھمانے اور ہر ذہن کو علم سے روشن کرنے کا عہد کریں۔