ہر بچے کو سکول بھیجنے،ہاتھ میں قلم تھمانے اور علم سے روشن کرنے کا عہد کیا جائے ، صوبائی وزیر تعلیم

جمعرات 5 جون 2025 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ یومِ عرفہ ہمیں اتحاد، مساوات اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، میدانِ عرفات میں لاکھوں مسلمان ایک لباس میں، ایک صف میں اور ایک مقصد کے تحت جمع ہو کر یہ پیغام دیتے ہیں کہ انسانیت میں کسی قسم کی تفریق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی پیغام ہمیں اپنے وطن، بالخصوص تعلیمی شعبے میں اپناتے ہوئے یہ عہد کرنا ہوگا کہ تعلیمی نظام سے ہر طرح کی تفریق وعدم مساوات کا خاتمہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر بچہ بلا امتیاز یکساں تعلیمی مواقع حاصل کرے اور کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی فروغ کے مشن کو قومی عبادت سمجھ کر اپنائیں تاکہ ایک مساوی، باشعور، متحد اور پرامن معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے عید الاضحیٰ کی بھی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کا دن یہ باور کرواتا ہے کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ کم وسیلہ افراد کے احساس کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل جذبہ زندہ رکھنے کیلئے آج کے دن اور اس کے علاہ بھی اپنے ارد گرد موجود مستحق اور کم وسیلہ لوگوں کا خیال رکھیں، ہر بچے کو سکول بھیجنے، ہر ہاتھ میں قلم تھمانے اور ہر ذہن کو علم سے روشن کرنے کا عہد کریں۔