) ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی نظریاتی، تخلیقی اور تنظیمی وژن، ان کی جدوجہد اور قربانیاں جاری ہیں ، صوبائی رہنما

جمعرات 5 جون 2025 21:35

"پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماں نے کہا ہے کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی نظریاتی، تخلیقی اور تنظیمی وژن، ان کی جدوجہد اور قربانیاں جاری پشتون قومی سیاسی تحریک کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے زمانہ طالب علمی سے لیکر آخری سانس تک پشتون قومی وحدت و قومی تشخص کی بحالی، پشتون قومی متحدہ صوبے کے قیام، اس دو قومی صوبے میں پشتونوں کی برابری کے حصول ، ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام، قوموں کی برابری، آئین و قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور آزاد افغانستان کے استقلال اور سلامتی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی، ان کی شہادت کی چوتھی برسی پر ایوب سٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ عام میں ملی شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری ریاض محمود اور ضلعی ڈپٹی سینئر آرگنائزر نصیب اللہ کلیوال نے پشین کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد عیسی روشان کی، اجلاس میں ملی شہید کے چوتھی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسہ عام میں پارٹی کارکنوں اور عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف فیصلے کئے گئے اور کمیٹیاں تشکیل دی گئی جبکہ ضلع پشین کے تمام علاقائی یونٹوں کے توسیع اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 251 ژوب، قلعہ سیف اللہ کم شیرانی پر پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی درحقیقت عوامی اعتماد کے ایک اہم سنگ میل کو عبور کرنا ہے اور اس کامیابی پر ہمارے غیور عوام کی خوشی و مسرت اور بھرپور تائید و حمایت کا اظہار قابل تحسین ہے اور تمام پشتونخوا وطن میں ہمارے عوام کی یہ تاریخی جوش و جذبہ اور مختلف انداز میں اپنے جذبات کا اظہار درحقیقت پشتونخوانیپ کی قیادت اور بیانیے پر بھرپور اعتمادکا اظہار ہے پارٹی قیادت اپنے غیور عوام کی اس تاریخی اعتماد پر ضرور پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن 21 جون کے تاریخی جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے اور عوامی رابطہ مہم تیزکریں۔