"پلاسٹک آلودگی کے خلاف آواز" ، ادارہ شہر ساز کے زیرِ اہتمام ماحولیات کے تحفظ کے لیے سیمینار اور پرامن ریلی کا انعقاد

جمعرات 5 جون 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ماحولیاتی تحفظ اور پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے جمعرات کو ادارہ "شہر ساز" کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی سیمینار اور پرامن ریلی کا انعقاد ڈھوک حسو میں کیا گیا۔ یہ تقریب ما حولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی ،جس کا مرکزی موضوع عالمی یوم ماحولیات 2025 کے تھیم کے مطابق "پلاسٹک کی آلودگی کو شکست دو" تھا۔

تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد، خصوصاً،طلباء، سول سوسائٹی اور ماحولیاتی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار میں ادارہ شہر ساز کی پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر بینش نے شہر ساز کے مشن اور را ولپنڈی کی 7 یونین کو نسلوں میں جاری پراجیکٹ "پکار "پر تفصیلی بات کی ۔اس کے بعد مقررین نے پلاسٹک کے مضر اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ ہمیں فوری طور پر ماحول دوست متبادل اپنانا ہوں گے تاکہ زمین کو بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ایک پرامن ریلی نکالی گئی جو کے مختلف راستوں سے گزری۔ شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور ماحولیاتیی نعرے بلند کرتے ہوئے عوام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔ریلی اور سیمینار کا مقصد شہریوں میں ماحولیات سے متعلق ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا، اور پلاسٹک کے متبادل جیسے کپڑے یا کاغذ کے تھیلوں، ری یوزایبل اشیاء اور ری سائیکلنگ کو فروغ دینا تھا۔