یورو کرنسی اپنانے کا اعلان، بلغاریہ کی پارلیمنٹ میدانِ جنگ بن گئی

دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر اس فیصلے کے خلاف احتجاج کیا

جمعہ 6 جون 2025 12:51

صوفیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)بلغاریہ کی یورو زون میں شمولیت کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں ارکانِ اسمبلی گتھم گتھا ہوگئے، عوامی احتجاج بھی شدت اختیار کر گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بلغاریہ کو یورپی کمیشن اور یورپی مرکزی بینک کی جانب سے لیو کی جگہ یورو کرنسی اپنانے کی منظوری ملنے کے بعد ملک کی سیاست میں ہلچل مچ گئی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ میں بھی شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی، مختلف جماعتوں کے ارکان آپس میں الجھ پڑے جبکہ دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر اس فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی ریوائیول پارٹی نے اسٹیج پر چڑھ کر تقریری کارروائی روکنے کی کوشش کی، پارٹی کے رہنما کو دیگر جماعت کے رکن کو دھکیلتے ہوئے دیکھا گیا، انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان نے ایوان کے فلور پر دھاوا بول دیا اور یورپی یونین کے حامی اراکینِ پارلیمان سے جھڑپ شروع ہو گئی، اس ہنگامہ خیز صورت حال نے جمہوری عمل کو بری طرح متاثر کیا اور ایوان کو وقتی طور پر معطل کرنا پڑا۔