الیکشن کمیشن بی جے پی کیلئے ” ووٹ چوری “ میں ملوث ہے، راہول گاندھی

ہفتہ 2 اگست 2025 13:25

الیکشن کمیشن بی جے پی کیلئے ” ووٹ چوری “ میں ملوث ہے، راہول گاندھی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کیلئے ” ووٹ چوری “ میں ملوث ہے اور ہماری پارٹی کے پاس اس کا واضح ثبوت موجود ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے پاس الیکشن بے قاعدگیوں کے حوالے سے جو ثبوت ہے وہ ایک ایٹم بم جیسا ہے اور جب یہ پھٹے گا تو الیکشن کمیشن کو ملک میں چھپنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کمپلکس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ ووٹ چور ی ہو رہی ہے اور اب ہمارے پاس واضح ثبوت موجود ہے کہ اس میں الیکشن کمیشن ملوث ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہم جب ثبوت سامنے لائیں گے تو پورے ملک کو پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 2023میں مدھیہ پردیش اسمبلی الیکشن ، اسکے بعد لوک سبھا انتخابات اور پھر مہاراشٹر الیکشن میں انتخابی بے قاعدگیوں کا شبہ ظاہر کیا تھا ، ہمارا ماننا ہے کہ مہاراشٹر میں ریاستی سطح پر ووٹ چوری ہوئے، ہم نے الیکشن کمیشن سے تعاون نہ ملنے پر اپنی سطح پر تحقیقات کرائیں جس میں چھ ماہ لگے اور اس دوران ہمیں جو پتہ چلا وہ ایٹم بم سے کم نہیں۔