وزیر ہاوسنگ پنجاب کا سی ای او ایل کے ہمراہ اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ

جمعہ 6 جون 2025 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر ہاوسنگ پنجاب بلال یاسین نے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کے ہمراہ اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عید اسپیشل کیمپس کا افتتاح بھی کیا۔بابر صاحب دین نے صفائی انتظامات اور عید پلان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہر ہر یونین کونسلز میں ایل ڈبلیو ایم سی کے عید کیمپس لگا دئیے گئے ہیں اور ماحول دوست ویسٹ بیگز کی تقسیم جاری ہے۔

مختلف یونین کونسلز کے عمائدین نے وزیر ہاوسنگ اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا استقبال کیا۔وزیر ہاوسنگ نے مختلف گلیوں میں جا کر عید صفائی مہم کے بارے میں لوگوں سے بات چیت کی۔ان کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زیرو ویسٹ مہم کے اہداف کو سو فیصد حاصل کیا جائے گا،عیدِ قرباں پرتمام شہریوں تک ماحول دوست ویسٹ بیگزکی فراہمی ممکن بنانے کے لیے عوامی نمائندے بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے شانہ بشانہ متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کی نماز ادا کرنے کے بعد خود علاقوں میں صفائی کا جائزہ لوں گا،تمام شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ علاقوں کی صفائی اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا ساتھ دیں اور صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔