جنوبی پنجاب میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری،قصابوں کے منہ مانگے دام سے شہری پریشان

ہفتہ 7 جون 2025 13:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) ملک بھر کی طرح ملتان اور جنوبی پنجاب میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔شجاع آباد،خانیوال ،وہاڑی ،ڈیرہ غازی خان ،لیہ،راجن پور،بہاولپور اور دیگر علاقوں میں غریبوں اور ضرورت مندوں کو گوشت کی تقسیم بھی جاری ہے۔تاہم بعض افراد اپنے پسندیدہ اور سجے ہوئے جانور کے بچھڑنے پر اداس بھی دکھائی دئیے۔

دوسری طرف مختلف علاقوں میں بکرے،اونٹ اور گائے کو ذبح کرنے کےلئے قصاب حضرات کی جانب سے منہ مانگے دام وصول کرنے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔۔جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ڈبل دام طے ہونے کے باوجود ابھی تک قصاب دستیاب نہیں ہے۔اس سلسلے میں مجاہد ٹاؤن کے رہائشی ندیم مغل نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک قصائی کے انتظار میں ہم بکرا ذبح نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

شہری ذیشان احمد صدیقی نے بتایا کہ گائے ذبح کرنے کا عمومی ریٹ 15 سے 20 ہزار ہے۔لیکن 20 سے 30 ہزار بھی وصول کیا جا رہا ہے۔جو کہ بہت زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ انتظار میں ہیں کہ کوئی مناسب ریٹ پر قصاب دستیاب ہو جائے۔شہری ضیاء انجم کے مطابق انہوں نے بکرے کو 7 ہزار میں ذبح کرایا جو کہ بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پر بھی چیک، کنٹرول یا کوئی سرکاری ریٹ طے ہونا چاہئے تاکہ شہری سنت ابراہیمی کی ادائیگی بغیر کسی پریشانی اور رکاوٹ کے کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :