پنجاب میں سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر چلانے کا تجربہ ناکام ہوگیا

بدھ 23 جولائی 2025 23:04

پنجاب میں سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر چلانے کا تجربہ ناکام ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے تحت سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر چلانے کا تجربہ بری طرح ناکام ہو گیا۔ فیز ون میں دیے گئے ٹھیکوں کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول کو ٹھیکے پر حاصل کرنے والے تیسرے فریق عمران رضا نے ادارے کی فروخت کے خلاف پیف کو تحریری شکایت جمع کروا دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سکول کو پانچ لاکھ روپے کے عوض ایک تیسرے فریق کے سپرد کر دیا گیا جبکہ پیف کی جانب سے سکول تین افراد عمران رضا، زبیر منیر اور صنم منیر کے حوالے کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق زبیر منیر اور صنم منیر نے سکول کو تیسرے پارٹنر عمران رضا کو اعتماد میں لیے بغیر فروخت کر دیا۔

(جاری ہے)

حیران کن طور پر، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے باقاعدہ تحریری شکایت موصول ہونے کے باوجود تاحال کسی قسم کا نوٹس نہیں لیا۔

واضح رہے کہ پیف کے فیز ون میں صوبے بھر کے ہزاروں سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر مختلف افراد یا تنظیموں کے حوالے کیا گیا تھا، تاکہ تعلیمی معیار بہتر ہو سکے تاہم اب سامنے آنے والے انکشافات اس تجربے کی ناکامی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔متاثرہ فریق عمران رضا نے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کی غیرقانونی فروخت کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ والدین اور مقامی کمیونٹی نے بھی واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :