Live Updates

آئندہ مالی سال26۔ 2025 کا بجٹ منگل کو پیش کیا جائے گا،

اتوار 8 جون 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) حکومت مالی سال26۔ 2025 کا بجٹ 10 جون بروز منگل کو پارلیمنٹ میں پیش کرے گی، جس میں میکرو اکنامک استحکام ، ترقی پر مبنی اصلاحات کے فروغ اور عوام کی سماجی و اقتصادی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ملکی اور بین الاقوامی محاذوں پر معیشت کو درپیش موجودہ چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔عوام کے مسائل میں کمی ، زرعی شعبے کی جدید خطوط پر تبد یلی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ بجٹ دستاویز کابنیادی اور مرکزی نقطہ ہو گا۔

(جاری ہے)

بجٹ میں مالیاتی انتظام کے علاوہ ریونیو موبلائزیشن، معاشی استحکام اور نمو کے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لیے عوام دوست پالیسیاں بھی شامل ہوں گی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ مالی سال26۔ 2025 کے وفاقی بجٹ کے اعلان کی تیاریاں مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ تمام شراکتداروں،محکموں اور وزارتوں کے درمیان قریبی تال میل سے تیار کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا ملکی معیشت کی صورتحال پیش کرنے والی ایک اہم پری بجٹ دستاویز’’اکنامک سروے آف پاکستان‘‘9 جون (پیر) کو جاری کیا جائے گا۔ یہ سروے اختتام پذیر مالی سال کے دوران معیشت کی مجموعی کارکردگی کو اجاگر کرے گا جو ایک حقیقت پسندانہ رائے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات