محکمہ زراعت کی20 جون تک کپاس کی بہتر نگہداشت کےلئے سفارشات جاری

منگل 10 جون 2025 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) محکمہ زراعت نے20 جون تک کپاس کی بہتر نگہداشت کےلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اگیتی کپاس کی فصل جو کہ70 تا90 دن کے دورانیے میں فیلڈ میں موجود ہے،اس پر15 تا20 ٹینڈے و کلیاں موجود ہیں اور اس میں بلا تعطل اضافہ کیلئے کپاس کے کاشتکار ڈیرھ بوریCAN گوارہ کھاد کا استعمال 15 تا20 دن کے وقفے سے کریں۔

علاوہ ازیں،زنک، بوران اور پوٹاشیم سلفیٹ کا استعمال بھی15 دن کے وقفے سے کریں تاکہ کپاس کی فصل گرمی کے دبائو سے محفوظ رہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل سے اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لئے زنک سلفیٹ33 فیصدبحساب5 کلوگرام یا 21 فیصد بحساب10 کلوگرام اور بورک ایسڈ17 فیصد 2.5 کلوگرام یا بوریکس11 فیصد 3.5 کلوگرام فی ایکڑ محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

زنک اور بوران سپرے کرنے کی صورت میں اس کے تین سپرے بوائی کے بالترتیب45،60 اور90 دن بعد کریں۔سپرے کا محلول بنانے کیلئے بورک ایسڈ(17 فیصد)300گرام،زنک سلفیٹ(33 فیصد)250 گرام اور کپڑے دھونے والا سرف50 گرام100 لیٹر پانی میں حل کریں۔سپرے صبح یا شام کے وقت اوپر والے پتوں پر کریں۔ترجمان نے متنبہ کیا کہ کاشتکار دوپہر کے وقت سپرے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے پتوں کے جھلسائو کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔مزید برآں کپاس کے کاشتکار 30 دن کی کاشتہ فصل کی چھدرائی کا عمل مکمل کریں۔ٹرپل جین اقسام جو گلابی سنڈی کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتی ہیں،ان پر پھول نکلنے سے قبل ترجیحا25 تا30 دن کی کاشتہ فصل پر گلا ئیفوسیٹ بلحاظ 1800 ملی لیٹر فی ایکڑ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :