Live Updates

فضا علی کے تبصرے ’صحافی نہ ہوتے تو واش روم صاف کرتے‘ پر سہیل وڑائچ نے ردعمل دے دیا

اداکارہ اور میزبان کے طنزیہ تبصرے پر بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ان پر کڑی تنقید کی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 13:51

فضا علی کے تبصرے ’صحافی نہ ہوتے تو واش روم صاف کرتے‘ پر سہیل وڑائچ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) اداکارہ اور ٹی وی شو میزبان فضا علی کے تبصرے پر سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق فضاعلی نے ایک پروگرام میں صحافی سہیل وڑائچ کے حوالے سے کہا کہ ’اگر وہ صحافی نہ ہوتے تو کسی ریسٹورنٹ یا باہر کسی ملک میں واش روم صاف کر رہے ہوتے‘، اداکارہ کے اس بیان پر سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے جواب دیا ہے کہ ’میری حیثیت بیت الخلا صاف کرنے والوں سے بھی کمتر ہے، میں تو گلیوں کی وہ خاک ہوں جسے میاں محمد بخش نے ’گلیاں دا روڑا کُوڑا‘ کہا تھا، میرے نزدیک بیت الخلا کی صفائی کوئی ذلت کی بات نہیں ہے بلکہ دوسروں کی گندگی کو صاف کرنا ایک عظیم خدمت ہے۔

علاوہ ازیں فضا علی کے اس طنزیہ تبصرے پر بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر کڑی تنقید کی گئی، اسی حوالے سے سفینہ خان نے کہا کہ ’سہیل وڑائچ پاکستان کی صحافت کا ایک قابلِ فخر اثاثہ ہیں، اُن کی خدمات، غیر جانبداری اور تجزیاتی بصیرت ہمیشہ سے ہمارے صحافتی منظرنامے کی پہچان رہی ہیں، اُن کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول یا قابلِ جواز نہیں، اُن کے خلاف استعمال کیے گئے نامناسب اور توہین آمیز الفاظ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافتی اقدار اور شخصیات کا احترام ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

(جاری ہے)

صحافی اجمل جامی نے مؤقف اپنایا کہ بدقسمتی سے خاتون ادکارہ نے سہیل وڑائچ کی تضحیک کرنے کے چکر میں ٹوائلٹ صاف کرنے والوں کی توہین کردی، انہیں معذرت کرنی چاہیئے اگر ظرف ہو تو‘، اسی معاملے پر سبوخ سید کہتے ہیں کہ ’سہیل وڑائچ صوفی مزاج انسان ہیں، مسکرا کر خاموش ہوگئے لیکن اس وقت سب لوگوں کو پروگرام کا بائیکاٹ کرکے اُٹھ جانا چاہیئے تھا، یہ اچھا طریقہ ہے کہ پہلے ایسے الفاظ بول کر پروگرام مشہور کرو اور بعد میں معافی مانگ لو۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات