بسیمہ میں موبائل نیٹ ورک کے بعد اب ڈی ایس ایل سروس کا براحال ناقص انٹرنیٹ سروس سے صارفین پریشان

منگل 10 جون 2025 20:24

بسیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء) بسیمہ میں موبائل نیٹ ورک کے بعد اب پی ٹی سی ایل کی ناقص سروس نے علاقے کے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے متعدد صارفین کی شکایات کے مطابق پی ٹی سی ایل کا ڈی ایس ایل انٹرنیٹ نظام کئی مہینوں سے تسلی بخش طریقے سے کام نہیں کر رہا، جس کے باعث انہیں روزمرہ کے کاموں میں شدید دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،صارفین کا کہنا ہے کہ ڈی ایس ایل سروس پانچ منٹ چلنے کے بعد دس سے پندرہ منٹ تک بند ہو جاتی ہے، جس سے تعلیمی، تجارتی اور دیگر اہم سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں پی ٹی سی ایل کی یہ غیر معیاری سروس نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ عوام کی ذہنی اذیت کا بھی سبب بن رہی ہے،علاقہ مکینوں نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے ماہانہ بل جمع کرواتے ہیں اور بارہا متعلقہ حکام کو سروس کی بہتری کے لیے آگاہ بھی کر چکے ہیں، مگر اس کے باوجود صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، ان کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود پی ٹی سی ایل کی طرف سے کسی قسم کی موثر کارروائی یا بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے،عوامی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام فوری طور پر بسیمہ کلی سیاہوزئی میں ڈی ایس ایل سروس کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں اور ہنگامی بنیادوں پر سروس کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں، تاکہ صارفین کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :