Live Updates

بینک چھوٹے کسانوں کو بغیر کسی ضمانت کے ایک لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کریں گے، وزیر خزانہ

منگل 10 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) کلین فنانسنگ فیسیلیٹی پروگرام کے تحت بینک چھوٹے کسانوں کو بغیر کسی ضمانت کے ایک لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کریں گے۔ یہ رقم ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کسانوں کے ای-والٹس میں ٹرانسفر کی جائے گی۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر میں کہا کہ چھوٹے کسانوں کو دیئے جانے والے قرضوں پر حکومت بینکوں کو پورٹ فولیو 10 فیصد فرسٹ لاس رسک کوریج دے گی۔

یہ سہولت ایسے علاقوں میں فراہم کی جائے گی جہاں فنانسنگ کی سہولت میسر نہیں ہے، اس سکیم سے ساڑھے سات لاکھ کسان فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ زراعت کا ملکی معیشت میں حصہ تقریباً 24 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

جس سے ملکی معیشت کے لیے زراعت کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ زراعت ایک صوبائی معاملہ ہے مگر اس شعبے کی اہمیت کے پیش نظر وزیر اعظم نے ایک نیشنل کمیٹی تشکیل دی ہے جو زراعت کے فروغ کے لیے صوبوں کے ساتھ بامقصد مشاورت کرے گی ۔

مزید برآں، زرعی شعبے کو قرض کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ رقم پچھلے مالی سال کے پہلے 10 مہینوں میں 1,785 ارب روپے سے بڑھ کر اس مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں دو ہزار چھیاسٹھ (2,066) ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ زراعت کےشعبے خصوصاً چھوٹے کسانوں کو قرض کی فراہمی کے لیے کئی نئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات