آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان

منگل 10 جون 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہے گی۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے تاہم دیگر علاقوں میں موسم بدستور خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کا راج رہا۔ ڈی جی خان، جیکب آباد اور نور پور تھل میں درجہ حرارت 49ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ تھا۔ اس کے علاوہ بھکر، سرگودھا، سبی میں 48، جبکہ بہاولنگر، بنوں، دادو، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، کروڑ (لیہ)، قصور، کوٹ ادو اور منڈی بہاالدین میں درجہ حرارت 47ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور گرمی سے بچاو کے اقدامات پر عمل کریں۔