حکومت کا بیواوں کی پنشن صرف 10 سال کیلئے محدود کرنے کا فیصلہ

شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کی گئی ہے، ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ہے، وزیر خزانہ

muhammad ali محمد علی منگل 10 جون 2025 23:23

حکومت کا بیواوں کی پنشن صرف 10 سال کیلئے محدود کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2025ء) حکومت کا بیواوں کی پنشن صرف 10 سال کیلئے محدود کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی پنشن اصلاحات بجٹ 26-2025 میں سامنے آگئی ہیں جس کے تحت ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ پچھلی کچھ دہائیوں میں پنشن اسکیم میں ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے تبدیلیاں کی گئیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا، پنشن اسکیم کو درست کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کیلئے حکومت نے پنشن اسکیم میں اصلاحات کی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن اسکیم میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی اور پنشن میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے بتایا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کی گئی ہے جبکہ ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی صرف 7 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزراء، اسپیکر قومی اسمبلی، چئیرمین سینیٹ اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی سو فیصد اضافہ کرنے والی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں معمولی سا اضافہ کیا ۔