ٹھنڈ ا ماحول اور صفائی کو برقرار رکھ کر مرغیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

بدھ 11 جون 2025 15:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سیدندیم بدر نے پولٹری فارمرز اور مرغی پال افراد کو موسم گرما کی شدت کے دوران مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کےلئے شیڈز کی صفائی، پانی کے سپرے، ایئر کولرزکی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شدید گرمی کے باعث فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ مرغیوں کو ہرقسم کی بیماریوں اور موسمی اثرات سے بچانا ممکن ہو سکے۔

یہ بات انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی شدت کے باعث مرغیوں میں رانی کھیت اور سانس کی بیماری پیداہونے کا شدید خدشہ ہوتاہے، اگر شیڈز میں موجودمرغیاں سست، نڈھال ہونے کے ساتھ ساتھ خوراک کم کھائیں اور ان کی چونچ، ناک، آنکھ سے لیس دار مادے کا اخراج محسوس ہو تو یہ رانی کھیت کی بیماری کی علامات ہیں، اگر مرغیاں سبزی مائل پیچش کے علاوہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کریں تو یہ سانس کی بیماری کی علامات کاحصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولٹری فارمرز فوری طور پر شیڈز کی صفائی یقینی بنائیں اور وہاں پانی کے سپرے کے علاوہ پنکھے اور ایئرکولرز بھی نصب کریں تاکہ ٹھنڈے ماحول اور صفائی کے باعث مرغیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مرغی پال حضرات اور پولٹری فارمرز کسی مسئلہ کی صورت میں فوری قریبی ویٹرنری ہسپتال، ویٹرنری ڈسپنسریز، محکمہ لائیو سٹاک کے موبائل یونٹس اور ماہرین لائیو سٹاک کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔