کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

بدھ 11 جون 2025 19:14

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی کی فراہمی، پرائس کنٹرول میکنزم، مون سون سے قبل حفاظتی انتظامات اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی ایس پی اے کی ٹیم نے فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے منصوبے پر بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 88 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا کام جاری ہے جس کا 50 فیصد حصہ مکمل ہو چکا ہے۔

سرگودہا میں 32 میں سے نصف پلانٹس رواں ماہ کے اختتام تک فنکشنل ہو جائیں گے، خوشاب میں 5 میں سے 2 کی مرمت مکمل ہے جبکہ باقی 3 بھی اسی ہفتے فعال کر دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

میانوالی میں 35 میں سے 9 پلانٹس مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ دو ہفتوں میں فعال ہوں گے۔ پانی کی کوالٹی ٹیسٹنگ کا عمل بھی جاری ہے اور تمام پلانٹس 30 جون تک عوام کو دستیاب ہوں گے۔کمشنر نے بحال شدہ پلانٹس کی تفصیلات عوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہری صاف پانی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے منصوبوں پر بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ صحت، تعلیم، صاف پانی اور مہنگائی میں کمی جیسے عوامی مفاد کے پروگراموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن کے تمام اضلاع صوبے بھر میں "سیف زون" میں شامل ہیں، جہاں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر مو ثر کنٹرول برقرار ہے۔

کمشنر نے ہدایت دی کہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا براہ راست فائدہ عوام کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے اور ریونیو، صحت، میونسپل سروسز سمیت تمام شعبوں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، اے ڈی سی آرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔