خیبرپختونخوا اسمبلی میں سزاؤں سے متعلق ترمیمی بل 2025 ء کثرت رائے سے منظور

بدھ 11 جون 2025 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)خیبرپختونخوا اسمبلی نے کے پی سزا ایکٹ اور عطیات جمع کرنے کے حوالے سے قانون میں ترمیم منظور کرلی۔ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے خیبرپختونخوا چیریٹیز ترمیمی بل 2025 پیش کیا۔قانون میں ترمیم کر کے این جی اوز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو تبدیل کیا گیا ہے، جس کے تحت اب پہلے سے رجسٹرڈ خیراتی ادارے دو سال بعد تجدید کروائیں گے۔

بل کے تحت اس معاملے کے لئے کمیشن تشکیل دیا جائے گا جو رجسٹریشن کی تجدید کے لئے فیس مقرر کرے گا۔

(جاری ہے)

ترمیم بل کے سیکشن بارہ میں کی گئی ہے۔اس کے علاوہ کے پی سزا ایکٹ 2021 میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا گیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ایکٹ کے تحت سزاؤں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلی کونسل کے اراکین کی تقرری کریں گے جبکہ کونسل میں حاضر سروس یا ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، پراسیکوٹرز، ججز اور وکلاء شامل ہوں گے۔کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین اعزازیہ کے اہل ہونگے ۔ کونسل کا چیئرمین مسلسل دو مرتبہ سے زائد ٹرم کے لئے اہل نہیں ہوگا۔وزیراعلی کونسل کے لئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کرینگے۔