شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ،گاڑیوں کیلئے چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام پر تبادلہ خیال

بدھ 11 جون 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مختلف منصوبوں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز سمیت دیگر امور کا جامع جائزہ لیاگیا اور ای وی گاڑیوں کیلئے مختلف مقامات پر چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سرمایہ کاروں کی جانب سے بس سروس شروع کرنے کے بارے میں بھی آگہی دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے جام صادق پل کا کام مکمل ہے، حالیہ ماہ افتتاح کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیرنے ریڈ لائن بی آر ٹی کی جلد تکمیل کے کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لیے پرعزم اور عوام کے لئے ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے مزید بسیں جلد پہنچنے کی امید ہے، کراچی کے شہریوں کے ڈبل ڈیکر بسز بھی لا رہے ہیں، ہم نے کراچی میں ای وی بسز، پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کئے، صوبہ سندھ کے کونے کونے میں یہ نیٹ ورک بچھانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ہر شہری کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں، حکومت سندھ نے جو منصوبے شروع کریں ہیں ان کا مقصد ٹریفک کو منظم کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔