پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر کو خوبصورت و سرسبز بنانے کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں، ڈی جی پی ایچ اے

جمعرات 12 جون 2025 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کی جانب سے شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں پارکس، گرین بیلٹس اور دیگر تفریحی مقامات کو مزید دلکش اور دیدہ زیب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

اسی سلسلے میں راولپنڈی کی معروف اور اہم شاہراہ، ڈبل روڈ کی گرین بیلٹ پر سجاوٹ اور موسمی پھولوں کی شاندار کاشت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈبل روڈ کی گرین بیلٹ پر رنگ برنگے موسمی پھولوں اور سرسبز پودوں کی بہار عوام کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ ان مناظر نے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے بلکہ راہگیروں کو ایک خوشگوار اور فرحت بخش ماحول فراہم کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ ادارہ شہر کی جمالیاتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی کو ایک سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے پی ایچ اے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔ عوامی فلاح اور شہریوں کے لیے بہتر طرز زندگی فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ شہری حلقوں کی جانب سے بھی پی ایچ اے کی ان کوششوں کو سراہا جا رہا ہے اور یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز پر ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :