بچوں سے جبری مشقت کروانا انسانیت کے خلاف جرم ہے، یاسمین خاکوانی

جمعرات 12 جون 2025 16:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) انسداد چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر سویل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور ملتان ری ہیبلی ٹیشن سنٹر کے زیر اہتمام اور مکس ایجوکیٹرز ہائی سکول کے اشتراک سے انسداد چائلڈ لیبر کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اقبال سہو اور سویل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی صدر یاسمین خاکوانی نے مشترکہ طور پر کی۔

اس تقریب میں پرنسپل مکس ایجوکیٹرز ہائی سکول خاور حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یاسمین خاکوانی نے کہا کہ معصوم بچوں سے جبری مشقت کروانا انسانیت، تعلیم اور ترقی کے خلاف جرم ہے۔ یہ رویہ معاشرے کے باشعور اور حساس افراد کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ہمیں بطور معاشرہ یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور پیار سے بھرپور بچپن فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

سویل اس مشن پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اقبال سہو کا کہنا تھا کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جب تک ہم سب بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر کام نہیں کریں گے، اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ والدین اپنے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں اور ادارے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ سویل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے یوتھ کوآرڈینیٹر عبدالباسط سیال نے کہا کہ بچوں سے مشقت کروانا صرف ان کے بچپن پر ڈاکہ نہیں بلکہ قوم کے مستقبل سے غداری کے مترادف ہے۔

نوجوان نسل کو آگے لانے کے لیے ہمیں تعلیم یافتہ، باشعور اور محفوظ بچپن دینا ہوگا۔ مکس ایجوکیٹرز ہائی سکول کے پرنسپل جناب خاور حیات نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ہمیں چائلڈ لیبر جیسے سنگین مسئلے کے خلاف سب کو متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :