محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے پیسٹ الرٹ جاری

جمعرات 12 جون 2025 20:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے پیسٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سفید مکھی (Whitefly) کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔جون 2025 کی پیسٹ سرویلنس رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے کپاس اگانے والے مختلف علاقوں، خصوصاً ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں سفید مکھی کی افزائش میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

گرم اور خشک موسم سفید مکھی کی افزائش کے لیے انتہائی موزوں ہے، جس سے اگیتی کاشتہ کپاس کی فصل پر حملہ شدید جبکہ موسمی کپاس پر آئندہ دنوں میں حملے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ترجمان محکمہ ذراعت نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات تجویز کیے ہیں جن پر عملدرآمد کاشتکاروں کے لیے نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہفتے میں کم از کم دو بار صبح یا شام کے وقت اپنی فصل کی باقاعدہ پیسٹ سکاؤٹنگ کریں، کھیت کے اندر اور باہر موجود جڑی بوٹیوں کو تلف کریں، Chrysoperla کارڈز (20 فی ایکڑ) اور پیلے رنگ کے چپکنے والے کارڈز (15 سے 20 فی ایکڑ) نصب کریں، اور فصل کو پانی کی کمی سے بچائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ متبادل فصلوں (جیسے بینگن، کھیرا، کدو، ٹماٹر، مرچ، مونگ، وغیرہ) پر بھی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کی جائے تاکہ سفید مکھی کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔سپرے مشین کی درست کیلِبریشن اور ہالو کون نوزل استعمال کریں جبکہ سفید مکھی کی نقصان کی معاشی حد (ETL) یعنی فی پتا 5 بالغ یا نِمف کی سطح پر پہنچنے پر سپرے ترجیحاً پاور سپریئر کے ذریعے شام کے وقت کیا جائے، اور یہ تمام اقدامات محکمہ زراعت کے مشورے سے کیے جائیں۔