پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر عوام کے حقوق کی بات کی ہے، رہنما پی پی

جمعرات 12 جون 2025 21:14

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پیپلز پارٹی ضلع ہری پور کے زیراہتمام بگڑا سیریاں میں عید ملن پارٹی کی تقریب منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

شیرداد خان اور نزاکت قریشی کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں ہزارہ ڈویژن کے صدر ملک فاروق تنولی، جنرل سیکرٹری ذوالفقار قریشی، ضلع ایبٹ آباد کے صدر سید سلیم شاہ، ضلع ہری پور کے صدر جہانزیب خان تنولی، جنرل سیکرٹری چنگیز خان تنولی، انفارمیشن سیکرٹری ہزارہ ڈویژن نصیر احمد جنجوعہ، رکن صوبائی کونسل فیاض ملک، سابق امیدوار قومی اسمبلی ارم فاطمہ ترک، اشفاق احمد عباسی، چن زیب، محمد زمان، بابر، ساجد اور دیگر پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما ارم فاطمہ ترک نے کہا کہ وہ تمام رہنمائوں اور اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام قائدین، ورکرز اور اہلیان علاقہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراجِ تحسین اور مبارکباد پیش کرتی ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی آواز بن کر ہر فورم پر کھڑی رہی ہے، انشاءاﷲ پارٹی کا یہ سفر مضبوطی سے آئندہ بھی جاری رہے گا، یہ عوام کی پارٹی ہے اور عوام ہی کو ہمیشہ یہ مقدم رکھتی ہے۔