ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ سے چیمبر اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ شہاب پورہ کے عہدیداران کی ملاقات

جمعرات 12 جون 2025 19:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ صبا ءاصغر علی سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ شہاب پورہ کے عہدیداران نےملاقات کی ۔صدرسیالکوٹ چیمبر اکرام الحق، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن شہاب پورہ کے چیئرمین طاہر مجید کپور اور مقامی صنعت کاروں و تاجروں کے نمائندگان خصوصی ملاقات میں شریک تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مربوط اور منظم مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڑھی بانوں کے لیے مخصوص پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں اور ان مقامات کے علاوہ کسی کو بھی شہر میں ریڑھی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شہری سیوریج سسٹم کی بہتری اور نالوں کی صفائی کے لیے مہم جاری ہے، تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام موثر انداز میں کام کر سکے۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے، جیسے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے ایکسین انفراسٹرکچر اور سروسز سے سرٹیفیکیٹس حاصل کیے جائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بارش کے دوران گٹر ابلنے کی شکایات نہ آئیں۔انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ نالوں میں پھینکنے سے گریز کریں، تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔

ملاقات میں شہر کی ترقی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ اور صنعت کاروں کے باہمی تعاون سے شہر کو ایک بہتر اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد اور متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔