Live Updates

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ،جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلقہ مقامات کا معائنہ کیا

جمعرات 12 جون 2025 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی نے جمعرات کو تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلقہ مقامات کا معائنہ کیا۔انہوں نے "ستھرا پنجاب" مہم کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلز کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کے مقامی حکام کو صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ساتھ ہی انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کو ہدایت کی کہ موسم برسات سے قبل شہر کے تمام نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کی جائے تاکہ بارش کی صورت میں فوری اور موثر نکاسی آب ممکن ہو۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال ڈسکہ اور ٹی بی ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فارمیسی، لیبارٹری اور ایمرجنسی وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے نواز شریف پارک کا دورہ کر کے وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ جیسر والہ میں قائم ماں گھر یتیم خانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں بچوں کی دیکھ بھال اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔مزید برآں انہوں نے ڈسکہ میں جاری انسداد تجاوزات مہم کا بھی معائنہ کیا اور مہم کی رفتار و معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاتفریق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں انہوں نے جامکے روڈ، پسرور روڈ، کالج روڈ، وزیرآباد روڈ سمیت دیگر اسکیموں پر جاری کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو مقررہ وقت میں معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات