ف*این اے 126 سے سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کیخلاف دائر انتخابی عذر داری مسترد

جمعرات 12 جون 2025 20:20

jلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) الیکشن ٹربیونل حلقہ این اے 126 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذر داری کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے ملک سیف الملوک کی کامیابی کو درست اور قانون کے مطابق قرار دیا۔ الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس سلطان تنویر نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار توقیر عباس کی انتخابی عذر داری پر سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا کہ حلقہ این اے 126میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ووٹوں کی گنتی میں ردبدل کیا گیا عدالت سیف الملکوک کھوکھر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

دوران سماعت سیف الملوک کھوکھر کے وکیل درخواست گزار کے اعتراضات کی مخالفت کی اور کہاکہ درخواست گزار محض الزامات لگا رہا ہے ایسے کوئی ثبوت نہیں پیش کیے گئے جس سے دھاندلی ثابت ہو لہٰذا درخواست کو خارج کیا جائے تاہم فریقین کے دلائل سننے کے بعد ٹربیونل نے درخواست کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر مسترد کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر کی جیت کو برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب الیکشن ٹربیونل نے پی پی 145سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سمیع اللہ خان کی کامیابی کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار یاسر چویدری کی درخواست خارج کر دی اور سمیع اللہ خان کی کامیابی کو درست قرار دیدیا۔