Live Updates

چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت پرعزم ہے ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ

جمعرات 12 جون 2025 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت کا عزم مزید مضبوط ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اسکول داخلہ مہم کو مثر انداز میں جاری رکھا ہوا ہے، تاکہ ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو۔

چائلڈ لیبر کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بچوں سے مشقت کرانا ایک سنگین جرم ہے، جس کی روک تھام کے لیے حکومت نے مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے تحفظ، تعلیم اور فلاح کے لیے سندھ حکومت نے خصوصی بجٹ مختص کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کنوینشنز پر مکمل عملدرآمد سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سماجی تنظیموں اور یونیسیف کے ساتھ شراکت داری کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سال 2025 میں سندھ میں چائلڈ لیبر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، لیکن مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔ اسکول واپسی مہم کے تحت ہزاروں بچوں کو مزدوری سے نکال کر تعلیم کی طرف راغب کیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی آگاہی مہمات کا تسلسل ضروری ہے تاکہ والدین اور معاشرہ بچوں کے حقوق کے حوالے سے باشعور ہوں۔ بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :