محمد پور میں بیکری پر چھاپہ، 5 من ناقص مٹھائی تلف، 50 ہزار روپے جرمانہ

جمعہ 13 جون 2025 00:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ناقص اور غیر معیاری خوراک تیار کرنے والے عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے محمد پور میں واقع ایک بیکری پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناقص مٹھائی کی تیاری کو بے نقاب کر دیا۔

چھاپے کے دوران ٹیم نے مٹھائی کی تیاری میں استعمال ہونے والے ناقابلِ سراغ کیمیکلز، رنگ کاٹ، اور غیر معیاری اجزاء کا انکشاف کیا۔

(جاری ہے)

شوگر سیرپ کے قریب چھپکلیاں موجود تھیں جبکہ مٹھائیوں میں مردہ مکھیاں بھی پائی گئیں، جو خوراک کی تیاری میں سنگین غفلت اور صحت عامہ کے لیے خطرہ ہیں۔فوڈ اتھارٹی نے موقع پر 5 من ناقص مٹھائی تلف کر دی اور بیکری کے مالک پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے اس موقع پر کہا کہ خوراک کی تیاری میں غفلت برتنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :