کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 44 کروڑ روپے کے بیج اور کھاد حاصل کی جن کی 98 فیصد ریکوری کرلی ہے، محکمہ زراعت توسیع سیالکوٹ

جمعہ 13 جون 2025 13:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کہاہے کہ ضلعے میں کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 44 کروڑ روپے سے زائد کے بیج اور کھاد حاصل کی جس کی 98 فیصد ریکوری کرلی گئی ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعے کو اپنے دفتر میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت کی بدولت سیالکوٹ میں اب تک کسان کارڈ کے واجبات کی 98فی صد ریکوری کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ باقی ماندہ کسان کارڈا کاؤنٹ ہولڈر جلد ازجلد اپنی ریکوری بنک آف پنجاب میں جمع کروائیں تاکہ ان کے اکاؤنٹ میں حکومت پنجاب کی جانب اب ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کی بجائے تین لاکھ روپے فی ایکڑ اپ لوڈ کئے جاسکیں ،اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار روپے امدادی رقم بھی کسان کارڈ میں ہی اپ لوڈ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب کاشتکار کسان کا رڈ میں موجود رقم کا تیس فی صد کیش بذریعہ اے ٹی ایم جبکہ مزید تیس فیصد حکومت پنجاب کی جانب سے نامزد پی ایس او پٹرول پمپس سے ڈیزل کی خریداری کر سکیں گے ۔اس کے علاوہ کاشتکار کسان کارڈ میں بقیہ رقم سے بیج اور کھا د خرید سکیں گے۔