برطرفی کے نوٹسز کیخلاف کیس ،صدر وائی ڈی اے سمیت 6ڈاکٹروں کو دیئے ریلیف میں 24جون تک توسیع

جمعہ 13 جون 2025 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) لاہو رہائیکورٹ نے صدر ینگ ڈاکٹرز سمیت 6ڈاکٹرز کی برطرفی کے نوٹسز کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت 6ڈاکٹروں کو دیئے ریلیف میں 24جون تک توسیع کردی۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت 6ڈاکٹرز کی درخواست پر سماعت کی ،صدر وائی ڈی اے سمیت دیگر ڈاکٹرز نے برطرفی کے نوٹس کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے ، ینگ ڈاکٹرز کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے ، پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس عدالت کے لا افسر سعد بن غازی اپنی ایک عزیزہ کے انتقال کے باعث چھٹی پر ہیں ، متعلقہ لاء افسر آج موجود نہیں ، اس لئے استدعا ہے کہ عدالت جواب جمع کروانے اور بحث کے لئے مہلت دے دے، درخواست گزار ڈاکٹروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے جائز مطالبات کے لئے احتجاج کیا ، احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے،حکومت نے مطالبات منظورِ کرنے کی بجائے برطرف کے نوٹس بھیج دئیے ،درخواست گزار گنگا رام سمیت مختلف ہسپتالوں میں ہوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کرریے ہیں ، استدعا ہے کہ عدالت درخواست گزار ڈاکٹروں کی برطرفی کے نوٹسز کالعدم قرار دے دے ،عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو جواب جمع کروانے اور دلائل کے لیے 24 جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ، برطرفی کے نوٹس کے خلاف ڈاکٹر ارسلان رضا ، ڈاکٹر حسیب تھند نے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔